ونی—ایک معصوم بچی کی فریاد اور ایک باپ کی موت

تحریر رضیہ محسود کے قلم سے

بابا! آپ کہاں چلے گئے؟
آپ تو کہتے تھے کہ میں آپ کی دنیا ہوں، پھر مجھے اس جہنم میں چھوڑ کر کیوں چلے گئے؟
میں نے سنا ہے کہ آپ نے اپنی جان لے لی، لیکن کیا میری جان بچ گئی؟
وہ جو مجھے بیاہنے آئے تھے، ان کے چہروں پر رحم نہیں تھا،
میری چیخوں نے انہیں نہیں روکا،
میرے آنسوؤں نے انہیں نہیں پگھلایا،
میرے ہاتھوں میں ابھی مہندی کا رنگ بھی نہیں تھا،
لیکن مجھے زبردستی کسی کی دہلیز پر چھوڑ دیا گیا۔

کیا میرا جرم صرف بیٹی ہونا تھا؟
میری ماں کہتی تھی کہ بیٹیاں رحمت ہوتی ہیں،
پھر میں کس گناہ کی سزا کاٹ رہی ہوں؟
مجھے کھلونے چاہیئے تھے،
مجھے اسکول جانا تھا،
مجھے خواب دیکھنے تھے،
لیکن میرے نصیب میں صرف قید آئی۔

بابا، میں جانتی ہوں کہ آپ کا دل یہ ظلم برداشت نہیں کر سکا،
آپ کی غیرت نے یہ گوارا نہ کیا کہ آپ کی بیٹی کو ایک فیصلہ بنا دیا جائے،
آپ نے اپنا لہو بہا دیا، لیکن میری بقا کی کوئی راہ نہ نکل سکی۔
یہ کون سا انصاف ہے جہاں ایک بچی کی مسکراہٹ کا مول صلح کا فیصلہ ہوتا ہے؟
یہ کون سا معاشرہ ہے جہاں باپ یا تو بیٹی کی رخصتی دیکھ کر مر جاتا ہے، یا خود مر جانا بہتر سمجھتا ہے؟

کیا یہ زمین کبھی جاگے گی؟
کیا کوئی میرے لیے کھڑا ہوگا؟
کیا کوئی اس ظالمانہ رسم کو توڑے گا؟
یا پھر آنے والی نسلیں بھی یوں ہی قربان ہوتی رہیں گی؟

یہ ظلم کب ختم ہوگا؟
جب ہر ماں اپنی بیٹی کی پیدائش پر ڈرنے لگے گی؟
جب ہر باپ اپنی لاش بیٹی کی حفاظت کی خاطر گرا دے گا؟
یا جب ہر بیٹی خود موت کو اپنے نصیب سے بہتر سمجھنے لگے گی؟

یہ وقت ہے آواز اٹھانے کا!
یہ وقت ہے وونی، سوارہ، اور ان جیسی فرسودہ روایات کو جڑ سے ختم کرنے کا!
یہ وقت ہے کہ بیٹیوں کو ان کے خواب، ان کی زندگی، اور ان کا بچپن واپس دیا جائے!

ورنہ یاد رکھو، ہر مرنے والا باپ، اور ہر قربان ہونے والی بیٹی،
قیامت کے دن تم سب کے ضمیر کا گریبان پکڑیں گے!

About the Author

Razia mehsood

i am from tehsil ladha south waziristan tribal district,i am the first active female journalist,Social worker,Social Activist,Chairperson District Comettee on the Status of Women SWTD.

One thought on “ونی—ایک معصوم بچی کی فریاد اور ایک باپ کی موت

  1. MASHALLAH SWEET GREAT RESEARCH HIGHLIGHTING THE VICIOUS IGNOMINIOUS UNISLAMIC UNETHICAL CUSTOMS OF OUR POKHTOO SOCIETY..ME YOUR GREATEST FAN ADMIRER..MAY YOU LIVE A HUNDRED THOUSAND YEARS WITH GOOD SOUND HEALTH JOYS PROSPERITIES PROGRESSES SUCCESSES AMEEN SOM AMEEN YA RABBULALAMMEEN

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

You may also like these