
رضیہ محسود ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام یوم مزدور جنوبی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر گرلز والنٹیئرز نے مزدور طبقے کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا۔ تقریب میں مقامی مزدوروں، خواتین، نوجوانوں اور سماجی کارکنوں نے بھرپور شرکت کی، جبکہ لکی مروت ٹیم نے بھی فعال طور پر حصہ لیا۔
تقریب میں مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مزدور کسی بھی قوم کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ ان کے حقوق کا تحفظ، اجرتوں میں بہتری، اور سماجی تحفظ جیسے اقدامات ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر پالیسیاں مرتب کی جائیں اور ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
یہ سرگرمی نہ صرف مزدوروں کے حقوق اجاگر کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ نوجوانوں، خاص طور پر خواتین رضاکاروں کے لیے ایک عملی تربیت بھی ثابت ہوئی۔ رضیہ محسود ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے تحت ایسی سرگرمیاں سماجی انصاف اور انسانی وقار کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔