
رضیہ محسود ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول وانڈہ خالق شاہ کے بچوں کے لیے ایک اہم اور بامقصد آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
اس سیشن کا عنوان “میں سمجھدار بچہ ہوں” رکھا گیا تھا، جس کا مقصد بچوں میں اپنی جسمانی حفاظت اور ذاتی حدود کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔
اس آگاہی سیشن میں بچوں کو آسان اور سادہ زبان میں مندرجہ ذیل موضوعات پر آگاہ کیا
اپنے جسم کی حفاظت: ہر بچے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے جسم کی حفاظت کرے اور کسی بھی ناپسندیدہ لمس یا رویے سے بچ سکے۔
اچھے اور برے لمس میں فرق: بچوں کو عملی مثالوں اور کہانیوں کے ذریعے سمجھایا گیا کہ کس لمس کو محفوظ اور خوشگوار کہا جا سکتا ہے، اور کون سا لمس خطرناک یا غیر محفوظ ہو سکتا ہے۔
نہیں‘ کہنے کا حق: بچوں کو اعتماد دیا گیا کہ وہ کسی بھی ایسی صورتحال میں ’نہیں‘ کہنے کا حق رکھتے ہیں جو انہیں غیر محفوظ یا غیر آرام دہ محسوس ہو۔
یہ سیشن بچوں کی ذہنی، جذباتی اور جسمانی صحت کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم تھا۔ بچوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور سیشن کے دوران سوالات بھی کیے، جن کا جواب تربیت یافتہ ٹیم نے محبت اور سمجھداری سے دیا۔
رضیہ محسود ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن ایسے سیشنز کے ذریعے معاشرے میں ایک محفوظ اور باخبر نسل کی بنیاد رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف بچوں کو بااختیار بناتے ہیں بلکہ والدین اور اساتذہ کو بھی یہ سوچنے پر مجبور کرتے ہیں کہ بچوں کی حفاظت صرف ایک ذاتی ذمہ داری نہیں، بلکہ ایک اجتماعی فریضہ ہے۔